کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی،پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
یہ قرارداد حکومتی رکن اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ بچوں کی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی نشوونما کا تحفظ ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ سوشل میڈیا کے غیر کنٹرول شدہ استعمال سے بچے سائبر بُلنگ، آن لائن جنسی استحصال اور ذہنی دباؤ جیسے خطرات کا شکار ہو رہے ہیں۔
ایوان نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ پاکستان میں کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کی مؤثر قانونی پابندی عائد کی جائے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذریعے عمر کی تصدیق کا نظام نافذ کیا جائے۔
قرارداد میں آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکا کی مثالیں دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ بین الاقوامی طرز پر پاکستان میں بھی بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے قانون سازی اور آگاہی مہمات کا آغاز کیا جائے۔