vni.global
Viral News International

قومی اسمبلی میں نااہلی کی سزا5 سال تک کرنےکا بل منظور

اسلام آباد:  قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017ء میں ترمیم کا بل منظور کر لیا گیا جس کے تحت الیکشن کمیشن نیا شیڈول، عام انتخابات کی تاریخ کااعلان اور الیکشن پروگرام میں ترمیم کر سکے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل میں مزید ترامیم پیش کیں، ایوان نے بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا، ایوان کی جانب سے الیکشن ایکٹ کے سیکشن ستاون میں ترمیم کی گئی ہے۔

آئین میں جس جرم کی سزا کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا وہاں نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی، سپریم کورٹ، ہائیکورٹ یا کسی بھی عدالتی فیصلے، آرڈر یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے 5 سال کیلئے نااہل ہو سکے گا۔

بل کے مطابق آئین کے آرٹیکل 62 کی کلاز ون ایف کے تحت 5 سال سے زیادہ کی نااہلی کی سزا نہیں ہو گی، متعلقہ شخص پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا بھی اہل ہوگا۔

بل کی منظوری سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور  استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے الیکشن لڑنےکی راہ  بھی ہموار ہوگئی ہے۔

خیال رہےکہ نااہلی کی مدت پانچ سال کرنےکا بل سینیٹ سے  پہلے ہی منظور  ہوچکا ہے۔

16 جون کو ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.