vni.global
Viral News International

اسٹیٹ بینک کا مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود 21 فیصد برقرار

اسٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود بڑھانے کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد اگلے دو ماہ کے لیے شرح سود 21 فیصد پر  برقرار  رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپریل اور مئی 2023 میں مہنگائی توقعات کے مطابق اپنے عروج پر رہی، کمیٹی سمجھتی ہے کہ مئی کی 38 فیصد مہنگائی کی شرح بلند ترین تھی، مزید یہ کہ کمیٹی توقع کرتی ہے کہ ملکی طلب کم رہے گی جس کا سبب سخت مانیٹری پالیسی، ملکی غیر یقینی کی صورتحال اور بیرونی کھاتوں پر مسلسل دباؤ ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے مالی سال 2023 میں قومی پیداوار خاطر خواہ کم ہوئی ہے، جاری کھاتوں کا توازن مارچ اپریل میں مثبت رہا جس کے باعث زرمبادلہ پر دباؤ کم ہوا ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ معمولی سکڑاؤ کی نشاندہی کر رہا ہے، عالمی بازار میں اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہے گا۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ جون سے مہنگائی کم ہونا شروع ہو جائے گی،  اگر کوئی نادید ہ حالات پیش نہ آئے تو توقع ہے کہ جون اور اس کے بعد مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.