vni.global
Viral News International

تاریخ میں پہلی بارپاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

 2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجراء کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

پاکستان فی الحال آسٹریلیا اور انڈیا کے خلاف ڈیسیمل پوائنٹس پر آگے ہے، اگر پاکستان پانچواں میچ بھی جیت جاتا ہے تو اس کی برتری واضح ہوجائے گی تاہم مئی کے وسط میں ون ڈے رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد رینکنگ میں رد و بدل ہوسکتا ہے۔

رینکنگ کے اجراء کے بعد سے پاکستان کی بہترین پوزیشن تیسری رہی ہے۔

چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں ۔

آئی سی سی کی آفیشل ون ڈے رینکنگ جنوری 2005 میں شروع ہوئی، رینکنگ کے بانی، اعداد و شمار کے برطانوی ماہر ڈیوڈ کینڈکس کے تیار کردہ فارمولے کو پچھلی تاریخوں میں بھی اپلائی کیا گیا تھا تاکہ ماضی میں ٹیموں کی پوزیشنز کا اندازہ لگایا جاسکے۔

اس فارمولے کو ماضی میں اپلائی کرتے ہوئے اگر دیکھا جائے تو پاکستان آخری مرتبہ اگست 1991 میں پہلی پوزیشن پر رہا تھا تاہم اس پوزیشن کی کوئی آفیشل حیثیت نہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.