vni.global
Viral News International

ایک ماہ کے اندر اسمبلی مدت پوری کر کے تحلیل ہو جائے گی: خواجہ آصف

مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ جلد شروع ہو جائے گا

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ایک ماہ کے اندر  اسمبلی اپنی مدت پوری کر کے تحلیل ہو جائے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا الیکشن کی تیاری کا تقریباً آغاز ہو چکا ہے، مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ جلد شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے نہایت ہی مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، ہمارےپاس چوائس تھی کہ فوری حکومت سنبھالتے ہی اسمبلیاں تحلیل کر دیتے، اسمبلی ختم کر دیتے تو آئی ایم ایف اور دیگر امداد کا سلسہ رک جاتا اور ملک ڈیفالٹ کر جاتا، ایک ماہ کے اندر اسمبلی مدت پوری کرکے تحلیل ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں ارب روپے کی بجلی، گیس اور ٹیکس چوری ہوتا ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک معاشی طور پر دربدر ہوتا رہےگا، ایسے ایسے شہر ہیں جہاں 82 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ان کی حکومت گئی، اس شخص نے اتنی غلطیاں کیں جس کے ڈپریشن میں اس نے 9 مئی کا پلان بنایا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس نے ریاست کو للکارا، دیکھیں تو سہی اس کے ٹارگٹ کیا تھے، اس نے دشمنوں کی طرح کردار ادا کیا، اس شخص نے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا سیاسی غلطیوں کی اس نے قیمت ادا کی اور حکومت چلی گئی، سیاست دانوں نے بےشمار غلطیاں کیں، اسٹیبلشمنٹ نے بھی غلطیاں کیں لیکن کسی پارٹی کا کوئی ورکر مفرور ہوتے نہیں دیکھا جس طرح ان کے لیڈران مفرور ہوئے، سیاسی ورکر عزت آبرو سے گرفتار ہوتا ہے تو اس کی چادر چار دیواری کا تقدس بھی رہتا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.