vni.global
Viral News International

ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے طول و عرض میں چھوٹے بڑے شہر  اور  قصبے میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے  جانوروں کی قربانی بھی کی جارہی ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے  عید کی نماز اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی، قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےکوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔

گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید اداکی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جناح گراؤنڈ (پولو گراؤنڈ) میں عید کی نماز ادا کی۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد میں  ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔

ملک بھر میں نماز عید کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اللہ ہماری قربانیوں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کا گوشت غریبوں میں تقسیم کریں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی امداد کریں، عید پر ایسے لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں سے بےگھر ہوئے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.