vni.global
Viral News International

اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور: اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔

لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

تیز ہواؤں اور بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، کالے اور گھنے بادل چھانے سے سرشام ہی اندھیرا چھا گیا، موسلادھار بارش کے باعث عبدالکریم روڈ، لاہور ہوٹل اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ میں 90 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، قرطبہ چوک میں 89، پانی والا تالاب میں 87، لکشمی چوک میں 85، نشتر ٹاؤن میں 74، تاجپورہ میں 73، فرخ آباد میں 70، گلشن راوی میں 65، مغلپورہ میں 55، چوک ناخدا اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 50، 50، جیل روڈ 37، اپر مال 35، سمن آباد میں 34، گلبرگ میں 31 اور جوہر ٹاؤن میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے واسا عملے کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کیلئے واٹر ڈسپوزل پمپس اور ضروری مشینری فوری فراہم کی جائے، بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے، واسا عملہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے فیلڈ میں موجود رہے۔

 اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات، نارووال، مظفر آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

 محکمہ موسمیات نے آج سے 30 جون تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.