حکومت نے ڈھائی سالہ محنت کے بعد مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کرلیا، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ آزادی پر پیغام کہا معاشی استحکام کا ہدف حاصل کر لیا، پاکستان اب ترقی یافتہ معیشت کی جانب گامزن ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حکومت نے گزشت ڈھائی سالوں میں سخت اور مشکل فیصلے کر کے معیشت کو مستحکم کر دیا ہے اور اب ملک ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے رہنماؤں و کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی ایک آزاد اور باوقار وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی حقوق اور مساوی آزادی کا مکمل ضامن ہے۔
معاشی کامیابیاں اور غیر ملکی ترسیلاتِ زر
معاشی کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ معاشی اصلاحات اور مربوط پالیسیوں کے نتیجے میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا ہے بلکہ مثبت اشاریے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملکی دفاع اور علاقائی امن
دفاعی اور علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے ہر وار کا منھ توڑ جواب دے کر دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا:“پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت تمام قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ آج پاکستان بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط، پُرعزم اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور علاقائی استحکام کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔”