مسلم لیگ (ن) نے اداروں کو ٹارگٹ بنانا شروع کردیا ، فواد چوہدری
فواد چودھری نے کہا کہ سو پیازاور سو چھتر کا محاورہ جس طرح ن لیگ پر صادق آتا ہےاس کی مثال ملنا مشکل ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی کوکھ سے جنم لے کر آپس میں طے کیا ایک بھائی پرو اسٹیبلشمنٹ سیاست کرے گا دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ منجن بیچے گا، ایک کا منجن ناکام ہوا دوسرا آگے کردو، یہی فارمولا اگلی نسل میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اب مسلم لیگ ن کو لگا عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہو گئی ہے، مریم نواز اب اینٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں، عدلیہ کے خلاف بیانات شروع ہوگئے ہیں، فوج کے خلاف اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے، لیکن اس اسکیم میں خامی یہ ہے کہ لوگ 1990ء والے نہیں ہیں اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکمت عملی انہیں سیاست سے مکمل باہر کر دے گی لیکن اداروں کو نقصان ہو گا، ادارے اس گرداب میں اپنی قیادت کی غلطیوں سے پھنسے ہیں، اپنی حدود میں رہتے تو کچھ نہیں تھا، اب اداروں کو ن لیگ نے ٹارگٹ کرنا ہے۔