vni.global
Viral News International

حکومتی یقین دہانی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال 40 دن کے لیے موخر

حکومتی نمائندوں سے کامیاب مذاکرات اور یقین دہانیوں کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے 9 روز سے جاری ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کراچی کے گورنر ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پارکنگ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حکمت عملی پر 15 دن سے ایک ماہ کا وقت مانگا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

 انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کے لیے مناسب وزن کی حد مقرر کرنے اور ٹول ٹیکس میں کمی کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے واضح کیا کہ انہوں نے ہڑتال مکمل ختم نہیں کی بلکہ مؤخر کی ہے، اور اگر وعدوں پر عمل نہ ہوا تو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے حل طلب مسائل کو فوری حل کیا گیا ہے اور باقی مطالبات کے لیے باقاعدہ کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ کراچی حیدرآباد روڈ معیاری موٹروے نہیں ہے، اس لیے سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے پر کام اسی سال شروع کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں موجود حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر طے شدہ امور اور کابینہ سے متعلقہ تمام مسائل کو بروقت حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.