ملک میں آج 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
اسلام آباد: وائرل نیوز انٹرنیشنل(وی این آئی )ملک بھر میں 79 واں جشنِ آزادی روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے موقع پر ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ آزادی کا جشن شروع ہو گیا تھا ۔ گلیوں اور شاہراہوں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمیقموں سے سجا دیا گیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر ریلیاں نکالیں اور آتش بازی کے شاندار مظاہروں کا نظارہ کیا۔

اس پرمسرت موقع پر مسلح افواج کے سربراہان اور ترجمان آئی ایس پی آر نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج اور تمام سیکیورٹی ادارے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں۔