ہفتہ وار مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی
اسلام آباد:پاکستان میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی ہے.
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 ضروری اشیائے خورونوش اور استعمال کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں سب سے زیادہ اضافہ پیاز کی قیمت میں ریکارڈ ہوا جو 24.68 فیصد تک مہنگی ہوئی،
جبکہ دال چنے کی قیمت میں 3.35 فیصد اور مرغی (چکن) کی قیمت میں 2.45 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ دہی، لہسن اور چائے سمیت دیگر کئی ضروری اشیاء بھی مہنگی ہونے والی فہرست میں شامل رہیں۔
دوسری جانب، ایک ہفتے کے دوران 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی جن میں ٹماٹر کی قیمت میں 1.26 فیصد کمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ عوام کے لیے راحت کا سبب بنتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 0.29 فیصد کی کمی دیکھی گئی، جبکہ چینی، انڈے اور آلو بھی پچھلے ہفتے کے مقابلے میں سستے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق جائزہ لیے جانے والے ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 22 بنیادی اشیاء کی قیمتیں مکمل طور پر مستحکم رہیں۔