منشیات کیس: عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو بری کر دیا
ماڈل ٹاؤن کی سیشن عدالت نے منشیات کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ملزمہ انمول عرف پنکی کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمے سے بری کر دیا ہے۔
کیس کی حتمی سماعت کے دوران عدالت نے دلائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ پراسیکیوشن ملزمہ کے خلاف جاندار اور ناقابلِ تردید ثبوت پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، جس کی بنیاد پر ملزمہ کو کسی قسم کی سزا نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر انمول عرف پنکی گرفتار
سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس کی جانب سے درج کیا گیا مقدمہ من گھڑت اور بے بنیاد ہے جبکہ برآمدگی کے وقت قانون کے مطابق ازخود آزاد گواہان کو بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے وکیل کے دلائل کو معقول اور وزن دار مانتے ہوئے اور پراسیکیوشن کے کیس میں واضح تضاد پائے جانے پر ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کو داخلِ دفتر کر دیا۔