پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
لاہور: تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
ان 20 نشستوں میں لاہور کی 4، راولپنڈی کی ایک، خوشاب کی ایک، بھکر کی ایک، فیصل آباد کی ایک، جھنگ کی 2، شیخوپورہ کی ایک، ساہیوال میں ایک، ملتان میں ایک، لودھراں میں 2، بہاولنگر میں ایک، مظفر گڑھ میں 2، لیہ میں ایک اور ڈیرہ غازی خان کی ایک نشست شامل ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار آٹھ سو 98 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان 20 حلقوں میں کُل 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700 جبکہ 1700 مشترکہ پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔