گال ٹیسٹ، پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، 7 وکٹوں پر 191 رنز
گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی پہلی اننگز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لیے۔
قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیا، عبد اللہ شفیق بغیر کسی کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، بابر اعظم بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ امام الحق 32 اور محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے سلمان علی آغا نے لنکن بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور اپنی پہلی ٹیسٹ ففٹی مکمل کی تاہم وہ بھی 62 رنز بنا کر چلتے بنے۔
گرین کیپس کی جانب سے یاسر شاہ 13 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنالیے اور سری لنکا کو 187 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ رمیش مینڈس نے 3 اور پراباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 315 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو نروشان ڈک ولا 42 اور دونتھ ویلا لگے 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم نسیم شاہ نے پہلے ڈک ولا کو 51 اور پھر ویلا لگے کو 11 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ رمیش مینڈس نے 35 رنز اسکور کیے جبکہ پراباتھ جے سوریا وکٹ 8 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے دو اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔