vni.global
Viral News International

حکومت نے پٹرول پر سبسڈی بارے کوئی مشاورت نہیں کی:آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا کہنا ہےکہ حکومت نے کم آمدن والوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی سے متعلق کوئی مشاورت نہیں کی۔

بلوم برگ کے مطابق پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے موٹرسائیکل اور گاڑیوں والوں سے متعلق اسکیم پر عالمی مالیاتی فنڈ سے کوئی مشورہ یا رابطہ نہیں کیا۔

ایسٹر پیریز نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف اس حوالے سے جامع تفصیلات چاہتا ہے جس میں اس اسکیم کی ٹرمز اینڈ کنڈیشن، لاگت، ٹارگٹنگ، اسکیم کے غلط استعمال اور دیگر اقدامات سے متعلق حکومت سے انتہائی محتاط ہوکر بات چیت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے پیش نظر 800 سے کم گاڑی والوں کے لیے پیٹرول سے متعلق اسکیم لانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت موٹرسائیکل والوں کو پیٹرول پر 100 روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ سستا پیٹرول صرف رجسٹریشن والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ملے گا جس سے ڈاکیومنٹیشن کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ سبسڈی حاصل کرنے والا شخص پیٹرول پمپ پر اپنا شناختی کارڈ اور ون ٹائم پاس ورڈ دکھا کر سستا پیٹرول حاصل کر سکے گا، ایک وقت میں صرف دو سے تین لیٹر سستا پیٹرول مل سکے گا۔

مصدق ملک کے مطابق موٹر سائیکل والے ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں، انہیں 21 لیٹر پیٹرول سستا ملے گا،21 لیٹر سے زیادہ استعمال کرنے پر پوری قیمت دینی پڑے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.