vni.global
Viral News International

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3رنز سے ہرادیا

7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں  پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کےکپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت  دی۔

پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں،حیدر علی اور شاہنواز دھانی کی جگہ آصف علی اور وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ انگلش ٹیم نے بھی 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

پاکستان کی اننگز

انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز کافی اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ صرف 2 رنز بناسکے۔

اس دوران رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں آصف علی کے 2 چھکوں کی بدولت قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔آصف علی 3 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلی نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا 200 واں ٹی ٹوئنٹی  انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہے۔قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔

خیال رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.