بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، 15خوارج ہلاک
کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی کے علاقوں میں انجام دی گئیں۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ان موثر اور بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت انتہائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی فورسز کا آپریشن ردالفتنہ 3 اسی عزم اور بلا تعطل کے ساتھ جاری رہے گا۔