اسرائیلی فورسز کی غزہ میں گولہ باری جاری، مزید 9 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری اور فائرنگ کے واقعات کے نتیجے میں مزید 9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شہری پولیس کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا، جس پر غزہ کی وزارت داخلہ نے سخت مذمت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اسرائیل علاقے میں بدامنی اور افراتفری پھیلانے کے لیے جان بوجھ کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا رہا ہے جو شہریوں کی حفاظت اور نظم و نسق برقرار رکھنے پر مامور تھے۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں ان عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی سرزمین اور آبادکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے زیر انتظام پولیس اہلکار مسلح تنظیموں سے وابستہ ہیں، جبکہ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فورس محض شہری نظم و نسق سنبھالتی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب علاقے میں جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود تشدد کے واقعات مکمل طور پر نہیں تھم سکے ہیں۔