vni.global
Viral News International

زرعی ترقیاتی بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کل زیرو پوائنٹ پر کفن پہن کر دھرنا دینگے

ملک بھر سے بینک پنشنرز کے قافلے کفن پوش دھرنے کیلئے اسلام آباد پہنچنا شروع

اسلام آباد : زرعی ترقیاتی بینک کے پنشنرز کے قافلے ٹرین مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ کل زیروپوائنٹ پر بینک کے سامنے کفن پہن کر احتجاجی دھرنا دینگے

زیڈ ٹی بی ایل کے پنشنرز کا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی دیگر سرکاری ملازمین کی طرح پنشن اور اس میں اضافے کا حق دیا جائے ۔ بینک پنشنرز پورے پاکستان سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں

پنشنرز کے اس کفن پوش دھرنے سےزرعی  بینک ملازمین نے بھی یکجہتی کا اعلان کیا ہے ۔ زرعی ترقیاتی بینک ریٹائرڈ ایمپلائیز اسوسی ایشن گریڈ 20 کی تنظیم کے عہدیدارغلام مصطفی  نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی جوانی اور توانائیاں بینک میں خدمات سرانجام دینے میں صرف  کردیں لیکن ہمیں وہ حق نہیں دیا جارہا جو دیگر سرکاری ملازمین کو حاصل ہیں

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے گریڈ 20کے ریٹائرڈ ملازم کو محض 25ہزار پنشن دی جارہی  ہے جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کی اس گریڈ کی پنشن ایک لاکھ 50ہزار دی جارہی ہے ۔یہ دوہرا معیار ہے اور ہمارے ساتھ سراسر زیادتی ہے جس کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھرسے زیڈ ٹی بی ایل کے پنشنرز اسلام آباد پہنچ رہے ہیں  ہمارا احتجاج کا آغاز ٹرین مارچ سے ہوگا  اور زیرو پوائنٹ پہنچ کر کفن پوش دھرنا دینگے

ملازمین کے مطالبات کے مطابق بینک ملازمین کی پنشن کا خاتمہ ورکر کش پالیسی ہے ۔انہیں بھی دوسرے ریٹائرڈ ملازمین کی طرح سروس رول 1961کے تحت پنشن دی جائے اور ہر سال اس میں اضافہ کیا جائے ۔

بینک پنشنرز نے مطالبہ کیا  ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہیں انشورنس کی رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی اس پر عمل کیا جائے ۔

یاد رہے کچھ عرصہ قبل زرعی ترقیاتی بینک کے گریڈ 20 کے ہی ایک افسر نے اپنے حق کیلئے بینک عمارت سے کود کر خودکشی بھی کی تھی ۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.