طوفانی بگولے سے ایمازون کا ویئرہاؤس بھی تباہ، 6 ملازمین ہلاک
امریکی ریاست الی نوائے میں طوفانی بگولے سے ایمازون کے ویئر ہاؤس کی چھت گرنے سے 6 ورکرز ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی ریاست الی نوائے میں کل طوفانی بگولوں کی زد میں آکر ویئر ہاؤس کی چھت گر گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق کنکریٹ سے بنی 11 انچ موٹی دیوار ورکرز پر گرنے سے 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 45 کو بچا لیا گیا۔

ایمازون کے چیف جیف بیزوس نے کمپنی کے ویئر ہاؤس کی چھت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ساتھیوں کے کھونے پر غمزدہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والے ویئر ہاؤس ورکرز کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

جیف بیزوس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد کمپنی نئے ورکرز کو ایمرجنسی رسپانس کی ٹریننگ دیگی جو سارا سال چلتی رہے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی 6 ریاستوں میں آنے والے بدترین طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 84 افراد ہلاک اور سیکڑوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔