vni.global
Viral News International

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی,23 سے زائد افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے۔

ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق بنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ 73 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی جی ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 افراد  جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کرک میں گھروں کی دیوار گرنےکے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ڈی جی ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع خوشاب کے شہر نور پور تھل میں آندھی اور بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، ادھر گوجرانوالا میں بھی آندھی طوفان کے باعث حادثات میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

لاہور میں دن بھر حبس اور درجہ حرارت 46 جیسا محسوس ہونے کے بعد شام میں تیز آندھی اور بارش ہوئی، ہواؤں کی رفتار 111 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی، تیز بارشوں اور آندھی سے لیسکو ریجن کے 80 فیڈرز ٹرپ کرگئے، خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ کھرڑیانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

دریں اثنا وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے قیمتی جانوں کےنقصان پراظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہارہمدردی کیا اور این ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں اداروں کا ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی ہے اور امدادی سرگرمیوں اور نقصانات سے متعلق 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ کے پیش نظر بھی پیشگی ہنگامی اقدامات  کی  ہدایت کی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.