عمران خان دھمکیاں دیکراداروں پر دباؤ ڈالتے ہیں،مریم نواز
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان دھمکیاں دے کر اداروں پر دباؤ ڈالتے ہیں، وہ ہمیشہ للکار کر اپنا راستہ صاف کرتے ہیں، لوگوں کو کہتے ہیں خوف کا بت توڑدیں، خود کسی کا نام لینے کی جرات نہیں، عمران خان کے پاس دھمکیوں کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قدرت کا اصول ہے سچ سامنے ضرور آتا ہے، جھوٹ کو مٹ جانا ہوتا ہے، چکوال کے جلسے میں کچھ باتیں بہت واضح تھیں، بہروپئے کی منافقت قوم کے سامنے لانا ضروری ہے، کہتے ہیں کہ خوف کا بت توڑ دیں خود میں ان کا نام لینے کی جرات نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں جمہوریت کی حامی ہوں،عمران خان کی سیاست کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا ضروری ہے، چیئرمین تحریک انصاف اصل میں اپنی چوریوں کو چھپانا چاہتے ہیں۔