کراچی میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، پانی گھروں میں داخل
کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کے چوتھے روز ہونے والی بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔
کراچی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، سرجانی ،نارتھ کراچی ، ناظم آباد ، ناگن چورنگی، پی آئی بی اور گارڈن میں بارش نے تباہی مچادی ہے۔
جمعرات کو ہونے والی بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا بھی پول کھول دیا ہے، سرجانی ، نارتھ کراچی ، ناظم آباد،یوپی موڑ اور کے ڈی اے چورنگی پر بارش کا پانی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
ناگن چورنگی میں درجنوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں جب کہ ایک ٹرک بھی الٹ گیا، جس سے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
گجر نالے میں پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے، اورنگی نالے کا پانی سڑکوں پر آگیا ہے، اس کے علاوہ کراچی یونیورسٹی کے پیچھے سے گزرنے والا نالا بھی اوورفلو ہوگیا ہے۔
گلشن اقبال، لیاقت آباد، گولیمار، سولجر بازار ، ایم اے جناح روڈ اور بزنس روڈ پر بھی پانی کھڑا ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی شام تک سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 41.0 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نارتھ کراچی میں 39.6 ملی میٹر ، اورنگی ٹاؤن میں 14.6، سعدی ٹاون میں 12.3 ملی میٹر ،گلشن حدید میں 10.0 ، ناظم آباد میں 8.5 ، یونیورسٹی روڈ میں 3.0 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل میں 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر میں جمعرات کو بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
نارتھ کراچی میں 13 سالہ مزمل ولد مظفر گھر میں لوہے کے دروازے سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
کورنگی میں 100 کواٹرز کے قریب گھر کے اندر پانی کی موٹر سے کرنٹ لگنے 60 سالہ مشرف کے نام سے ہوئی ہے۔
کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی بیٹھ گیا، شہر بھر میں 200 فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں جس کے بعد سرجانی، یوسف گوٹھ، بلدیہ ٹاؤن، سائیٹ، نیو کراچی، لانڈھی، گڈاپ اور اولڈ ایریا سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مون سون کے پہلے اسپیل کے تحت بارشوں کا سلسلہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات تھم جائے گا۔