ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔ واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے عسکری لحاظ سے ایران کو شکست دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم اسے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تقریب کے دوران اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے وینزویلا میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چار سال کے اندر امریکی سٹاک مارکیٹ کو بلند ترین سطح پر پہنچانے کی پیش گوئی کی تھی، لیکن یہ ہدف ان کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں صرف ایک سال کے اندر ہی حاصل ہو گیا ہے۔