شیخ رشید گرفتار،2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو پنڈی پولیس نے موٹر وے سے گرفتار کر کے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا۔
بعد ازاں پولیس کی جانب سے شیخ رشیدکو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے میڈیکل کیلئے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، شیخ رشید کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اورآٹومیٹک گن بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو مروانے کیلئے دہشتگردوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں، جس کا مقصد آصف زرداری کو بدنام کرنا ہے۔
ادھرعدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق کیس میں گرفتار سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کے بیان پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔
عدالت نے شیخ رشید کی جانب سے پولیس کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی خارج کر دی۔