ارجنٹائن کیلئے بڑا دھچکا، میسی ورلڈکپ سے قبل انجری کا شکار
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی قطر فٹبال ورلڈکپ شروع ہونے سے 2 ہفتے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی کے فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے اسٹار فٹبالر کے انجرڈ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
گزشتہ روز پی ایس جی کلب کے بیان میں کہا گیا کہ لیونل میسی پاؤں میں انجری ہونے کے باعث اتوار کو ہونے والے لیگ ون کا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔تاہم کلب کی جانب سے امید کی جارہی ہے کہ میسی اگلے ہفتے تک مکمل صحت یاب ہوکر ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
دوسری جانب ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے شائقین اپنے اہم کھلاڑی کے ورلڈکپ سے قبل انجرڈ ہونے پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال قطر میں ہونے والا فٹبال ورلڈ کپ ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے کیریئر کا آخری ورلڈکپ ہوگا۔
گزشتہ ماہ ارجنٹائن کے میڈیا سے بات کرتے ہوئے 35 سالہ میسی نے کہا کہ’ یقیناً یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے، میں جسمانی طور پر اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں اس سال اچھا پری سیزن کھیلنے میں کامیاب رہا،جو میں پچھلے سال نہیں کر سکا تھا’۔