شہزاد ہیری کے 25 افغانوں کو ہلاک کرنےکے بیان پر طالبان حکومت کی تنقید
افغانستان میں 25 لوگوں کو ہلاک کرنے سے متعلق برطانوی شہزادہ ہیری کے اعتراف پر ردعمل دیتے ہوئے افغان طالبان انتظامیہ نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان افغان وزارت خارجہ عبدالقہار بلخی نے شہزادہ ہیری کے تبصروں پر سخت تنقید کرتے ہوئےکہا کہ افغانستان پر مغربی قبضہ انسانی تاریخ کا افسوس ناک لمحہ تھا۔
ترجمان افغان وزارت خارجہ نے کہا کہ شہزادہ ہیری کے تبصرے قابض افواج کے ہاتھوں افغان عوام کو پہنچنے والے صدمے کا ایک چھوٹا سا نمونہ ہیں جنہوں نے بغیرکسی جوابدہی کے معصوموں کا قتل کیا۔
خیال رہےکہ شہزادہ ہیری نے اپنی آنے والی سوانح عمری میں انکشاف کیا ہےکہ انہوں نے افغانستان میں بطور اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ ڈیوٹی کے دوران 25 لوگوں کو ہلاک کیا تھا۔
شہزادہ ہیری کے مطابق ’افغانستان میں تعیناتی کے دوران میرا نمبر 25 رہا، یہ نمبر میرے لیے باعث اطمینان تو نہیں لیکن باعث شرمندگی بھی نہیں، جنگی حالت میں مارے جانے والوں کو شطرنج کے مہرے سمجھ کر بساط سے ہٹایا۔‘
دوسری جانب طالبان رہنما انس حقانی نے ہیری کو مخاطب کرتے ہوئےکہا ہےکہ انہوں نے افغانستان میں جن لوگوں کو قتل کیا وہ شطرنج کے مہرے نہیں بلکہ انسان تھے،ان کے اہل خانہ تھے، جو ان کی واپسی کا انتظار کر رہے تھے۔
انس حقانی نے شہزادہ ہیری کو جنگی جرائم کا مرتکب بھی قرار دیا اور کہا کہ ’سچ وہی ہے جو آپ نے کہا کہ ہمارے بےگناہ لوگ آپ کے فوجیوں کے لیے شطرنج کے مہرے جیسے تھے، پھر بھی اس کھیل میں آپ کو ہی شکست ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغان شہریوں کے قاتلوں میں آپ کی طرح معقولیت موجود نہیں کہ وہ بھی اپنے جنگی جرائم کا اعتراف کریں، میں عالمی فوجداری عدالت سے توقع نہیں کرتا کہ وہ آپ کو طلب کرےگی یا انسانی حقوق کے علمبردار آپ کے بیان کی مذمت کریں گےکیوں کہ وہ آپ کے معاملے میں اندھے اور بہرے ہیں لیکن امید ہے کہ یہ مظالم انسانیت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘
ادھر شہزادہ ہیری کے 25 افرادکو ہلاک کرنے کے اعتراف پر افغانستان میں سابق برٹش کمانڈرکا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
ایک بیان میں رچرڈکیمپ نےکہا کہ شہزادہ ہیری نے 25 افراد کو ہلاک کرنے سے متعلق بیان دینےکا غلط فیصلہ کیا اور اپنی ساکھ کو داغدار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہیری نے اس بیان کے بعد اپنی سکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، ان کا یہ بیان لوگوں کو بدلہ لینے پر اکساسکتا ہے۔