امن معاہدے پر پہنچنے کیلئے موجودہ صورتحال بہترین ہے: ایرانی صدر
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری نے امریکہ کو ایران کے ساتھ مفاہمت اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے اور ایک نیا معاہدہ طے پانے کے لیے موجودہ صورتحال بہترین اور سازگار وقت ہے۔
صدر پزشکیان نے وضاحت کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ کے لیے ایران اور عمان کے مشترکہ گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ضروری تھا، لیکن امریکی خلاف ورزی کی وجہ سے ایران کو جوابی ردعمل دینا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ ان خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ ایران وقار اور خودداری کے ساتھ اپنے موقف پر قائم رہے گا۔
اپنے خطاب کے دوران ایرانی صدر نے امریکہ کو ایک مجرم اور استعماری حکومت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ واشنگٹن کے بارے میں تہران کا بنیادی رویہ بالکل نہیں بدلا۔ انہوں نے قوم کو خبردار کیا کہ امریکہ اور اسرائیل یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایران کو صرف جنگ کے ذریعے مطیع نہیں بنایا جا سکتا، اسی لیے وہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے ملک میں داخلی تقسیم، اختلاف اور تنازعات کو بطور حربہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔