بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا اعلان
سندھ میں 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا اعلان ۔ جس کی مہم 31 اکتوبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گی ۔
ویکسین لگانے کا اعلان صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی صدرات اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ، پالیمانی سیکریٹری صحت قاسم سراج سومرو، ڈی جی صحت ڈاکٹر جمن بہوتو، ایڈیشنل ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ ڈاکٹر ارشاد میمن اور فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر سہیل شیخ شرکت کی جب کہ تمام اضلاع کے صحت افسران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کے پہلا مرحلہ میں 25 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق انہی بچوں کو کراچی کے 7 اضلاع اور حیدرآباد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام اور والدین کو مہم سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیںگے اور جو والدین انکاری ہیں ان کی کاؤنسلنگ کی جائے گی تاکہ تمام بچوں کو ویکسین لگ سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو پہلی خوراک دی گئی ہے انہی کو دوسری خوراک دی جائے تاکہ ان کے اندر مدافعت پیدا ہو سکے، اسی صورت وہ اور دیگر افراد وائرس سے محفوظ رہ سکیں گے۔