ٹی 20ورلڈ کپ، ایک اور اپ سیٹ،ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست
ہوبارٹ: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں ایک اور اَپ سیٹ ہوگیا، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ابتدائی وکٹ 20 رنز پر گری جس کے بعد دیگر کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے، پوری ٹیم 18.3 اوور میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔جیسن ہولڈر 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
اسکاٹش اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے رکا بھی رہا۔