مستونگ: باغ میں شدید دھماکا، 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی
مستونگ: بلوچستان کے علاقے مستونگ کے کھڈ کوچہ میں واقع ایک باغ میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی ایس پی رفیق حمزہ کے مطابق دھماکے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر نواب غوث بخش اسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیر علاج تینوں زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہے۔