لانگ مارچ اسلام آباد داخل نہیں ہوسکتا،حکومتی اتحاد
اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور حکومتی اتحادیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کے ممکنہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں کسی صورت داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) اور حکومتی اتحادیوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کمر کس لی گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کے ممکنہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں کسی صورت داخل نہ ہونے دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم اور اتحادی حکومت کے ممبران پر مشتمل 2 کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔ کمیٹی پارٹی ترجمانوں اور دوسری قانونی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ ترجمانوں کی کمیٹی میں ہر جماعت سے ایک ایک رکن شامل کیا جائیگا، ترجمانوں کی کمیٹی عمران خان کے بیانیہ کے خلاف اپنا بیانیہ عوام تک پہنچانے کی ذمہ دار ہوگی، قانونی کمیٹی اتحادی اور پی ڈی ایم جماعتوں کے درمیان قانونی امور پر لائحہ عمل کی ذمہ دار ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ملکی داخلی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔
ذرائع کے مطابق سائفر، آڈیو لیکس سمیت دیگر امور پر وفاقی وزیر داخلہ نے بریفنگ دی، اور کسانوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور مطالبات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔