جلد ڈالرکی قدر 200روپے سے کم ہوجائیگی،اسحاق ڈار
مجھے آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جلد ڈالرکی قدر 200روپے سے کم ہوجائیگی،
اس وقت ڈالر بین الاقوامی سطح پر مضبوط ہے، ڈالرکی اس وقت جو قدر ہے وہ حقیقی نہیں ہے، امریکی کرنسی کی اصل قدر 200 روپے سے کم ہے، ڈالر کو اصل قیمت پر لانے کے لیے جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں، مفتاح اسماعیل سمیت سب کو کہتا ہوں کچھ نہیں ہوگا مجھے آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل ہمارے ساتھی ہیں، ان کی اپنی سوچ اور میری اپنی سوچ ہے، میں سمجھتا ہوں سیلاب کے دوران پٹرول کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا، مفتاح اسماعیل سمیت سب کو کہتا ہوں کچھ نہیں ہوگا مجھے آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے، وزیراعظم کو بھی کہہ دیا ہے آئی ایم ایف اور میں جانوں، آئی ایم ایف کی ڈیل کرنا میرا کام ہے مفتاح کا نہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو 25 سال سے ڈیل کر رہا ہوں، اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے عوام کی تکالیف کو نہیں بھولنا چاہیے، نواز شریف قیمتیں بڑھانے پر ناراض ہوکر ویڈیو لنک اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔