جماعت اسلامی کا 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان
پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت جب تک پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے نام پر عائد ٹیکس ختم نہیں کرتی، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی صورت میں محض دھرنا ختم کرنے کی یقین دہانی نہیں کی جائے گی بلکہ مطالبات پر عملدرآمد کے بعد ہی احتجاج ختم ہوگا۔ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے آپشن پر بھی عمل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں
پٹرولیم لیوی کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک بھر میں دھرنا دینگے:حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں آٹا اور چینی مافیا کا راج ہے اور حکومت عام کسان کو سستی کھاد فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ جبکہ دوسری جانب عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں پر سرکاری افسران کو بڑی گاڑیاں اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے تمام چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے مسلسل آٹھویں روز بھی جاری ہیں، جہاں کارکنان کا جوش و خروش برقرار ہے۔