جنرل سید عامر نےکمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈکا منصب سنبھال لیا
پاک فوج کے سینئر افسر جنرل سید عامر رضا نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے منصب کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر انہیں پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارد آف آنر پیش کیا گیا۔ عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں اہم ذمہ داری اور نیا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
.jpg)
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جنرل عامر رضا نے 1988 میں فوج میں شمولیت اختیار کی، وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل چیف آف جنرل اسٹاف، کمانڈر فور کور لاہور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا جیسے اہم عہدوں پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔