vni.global
Viral News International

خواتین کیلئے پنک ٹیکسی منصوبہ لانے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور نے خواتین کے لیے پنک ٹیکسی کا منصوبہ لانے کا اعلان کردیا۔

فریال تالپور نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل کراچی میں پاکستان بیت المال کے تحت یتیم بچیوں اور بیواؤں کی معاونت کی تقریب سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خواتین کو خود مختار بنانے کی کوشش کی ہے، ہم خواتین کےحقوق کے لیے لڑے ہیں۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ خواتین کو موٹرسائیکل چلانے کی تربیت کے بعد ان کیلئے پنک ٹیکسی کا منصوبہ بھی لارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ خواتین کو خودمختار بنانے کی کوشش کی، تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کو وظیفہ دیا جائے گا۔

فریال تالپور نے یہ بھی کہا کہ میں محکمہ بیت المال کی کوششوں کو سراہتی ہوں، جو ضرورت مندوں کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ خواتین کو حقوق ملیں، ہمارا مذہب بھی ہمیں یہ سبق دیتا ہے، تعلیم بے حد ضروری ہے، خواتین کو اس پروگرام سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر انسان ایک جیسا ہے، چاہے امیر ہو یا غریب، پیپلز پارٹی کی فلاسفی اور آئیڈیالوجی ہر انسان کیلئے ہے، ہماری ہمیشہ سے کوشش ہے کہ لوگوں کی خدمات کی جائے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.