بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں ، 4 دہشتگرد ہلاک، متعدد گرفتار
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے خلاف یہ آپریشن کیا، جس میں چاروں دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ ان کے زیر استعمال موٹرسائیکلوں کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فورسز کی اس مؤثر کارروائی کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں اور ان کی سہولت کاری میں ملوث افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے فی الوقت سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں۔