لاہور میں موسلادھار بارش کا نیا ریکارڈ: سڑکوں پرکشتیاں چل گئیں
لاہور میں موسلادھار بارش کا نیا ریکارڈ: سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع، ڈی ایچ اے میں کشتیاں چل گئیں
صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز اور موسلادھار بارش کے ایک ہی اسپیل نے پورا شہر جل تھل کر دیا، جس کے نتیجے میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان واسا کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی جہاں 263 ملی میٹر بادل برسرے۔ اس کے علاوہ تاجپورہ میں 157.4، کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں 133، مال روڈ پر 116، مناواں میں 112.2، جوہر ٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور متعدد گاڑیاں و موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں۔ دفاعی علاقے (ڈی ایچ اے) میں اس قدر شدید بارش ہوئی کہ انڈر پاس کی چھت تک پانی پہنچ گیا، جس کی وجہ سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کشتیاں تک چلانا پڑیں۔ اس کے علاوہ ہربنس پورہ انڈر پاس میں بھی شدید پانی بھر جانے کے باعث اسے عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

بارش کے ساتھ ہی مختلف حادثات کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ کاہنہ کے قریب فیروز پور روڈ پر سڑک پر پھسلن کے باعث موٹر سائیکل کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں سر پر شدید چوٹیں آنے سے دو سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب ڈی ایچ اے فیز 4 میں ایک گھر کی ٹی آر گارڈر سے بنی چھت گرنے کے حادثے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔
تاج پورہ، صحافی کالونی کے سامنے کینال روڈ، جلو پارک، میڈیکل اسکیم اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کا قیمتی سامان خراب ہوا اور لوگ شدید اذیت سے دوچار ہوئے۔ واسا کی ٹیمیں امدادی کاموں اور پانی کی نکاسی کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں۔