شاہین علاج کیلئے اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا، شاہد آفریدی
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہےکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری سے نجات کے لیے اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا ہے۔
نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کردیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔
خیال رہےکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کرسکے اور اب شاہین انگلینڈ کے خلاف سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔