اسٹیو جابز کے زیر استعمال پرانی چپل ریکارڈ قیمت میں نیلام
مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آنجہانی بانی اسٹیو جابز کے زیر استعمال رہنے والی پرانی چپل ریکارڈ قیمت میں نیلام کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1970 اور 80 کی دہائی میں اسٹیو جابز کے زیر استعمال چپل 2 لاکھ 18 ہزار ڈالرز( یعنی 4 کروڑ 83لاکھ پاکستانی روپے) سے زائدکی بھاری قیمت میں فروخت ہوئی۔
اس نیلامی نے چپل کے ایک جوڑے کی سب سے زیادہ قیمت ادا کرنے کا ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل کوئی بھی چپل اتنی بھاری قیمت میں نیلام نہیں ہوئی۔

نیلامی کروانے والی کمپنی کے مطابق اسٹیوجابر کی چپل کا یہ جوڑا ایپل کے آنجہانی بانی کے ایک سابق ہاؤس منیجر نے گھر کے کچرے سے اٹھایا تھا، توقع کی جا رہی تھی کہ اس کی نیلامی 60 سے 80 ہزار ڈالرز میں ہوگی لیکن اس کے 2 لاکھ 18 ہزار ڈالرز میں فروخت نے سب کو حیران کردیا۔
رپورٹس کے مطابق اسٹیو جابز کے زیر استعمال چپل کی نیلامی اتوار کو کی گئی، اسے خریدنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیو جابز 5 اکتوبر 2011 کو کینسر کے ساتھ طویل جنگ لڑنے کے بعد 56 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔