vni.global
Viral News International

جب اقتدار سنبھالا تو حالات انتہائی مشکل تھے,شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ غیرمعمولی واقعہ تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے کا ایک سال مکمل ہونے پر بیان میں کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو حالات انتہائی مشکل تھے اور متعدد چیلنجز کا سامنا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی نے پوری دنیا میں لوگوں کو متاثرکیا ہے، جیوسٹریٹجک دشمنیاں، ایندھن، قیمتوں میں اضافہ اور سیلاب مہنگائی کے اہم عوامل ہیں، جب اقتدار سنبھالا تو حالات انتہائی مشکل تھے اور متعدد چیلنجز کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سماجی تحفظ کے جال کو بڑھایا، ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی، پی ڈی ایم حکومت پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئی، بہترین وزارتی رابطہ کاری، عسکری قیادت کے تعاون سے طویل سفر تھا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونا غیرمعمولی واقعہ تھا، اس کی وجہ صرف یہ نہیں کہ عدم اعتماد کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت اقتدار میں آئی بلکہ یہ وہ موقع تھا جب پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی قوتوں نے مل کر غیر مقبول حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹانے کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف منشور رکھنے والی جماعتوں نے قومی مفاد پر یک جہتی کا مظاہرہ کیا جو ملک میں سیاسی انقلاب کی طرف اہم پیش قدمی تھی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کی بچھائی گئی معاشی بارودی سرنگوں اور عالمی تیل اور غذائی اجناس کی سپلائی لائن میں رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری جاری ہے، دیوالیہ ہونے کی تمام پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لیے حکومت مخلصانہ کوششیں کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم  کی حکومت میں پاکستان فیٹیف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔ یہ بہترین وزارتی رابطہ کاری کے ساتھ ساتھ عسکری قیادت کے تعاون کی بدولت ہوا۔ یہ ایک طویل سفر تھا لیکن مسلسل کوششوں نے اسے ممکن بنایا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.