vni.global
Viral News International

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ازخود نوٹس کو ختم کر دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے میڈیکل طلباء کو حافظ قرآن ہونے پر 20 نمبر دینے کا ازخود نوٹس کیس بند کر دیا۔

سپریم کورٹ نے ازخود نوٹسز کے حوالے سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر لارجر بنچ تشکیل دیا تھا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 6 رکنی بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل تھے۔

’دوججز کافیصلہ قانونی طور پرلاگو نہیں ہوگا‘: جسٹس فائز کے فیصلے پرعدالتی سرکلر جاری

خیال رہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ نے حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے کے کیس میں بنچ بنانے پر اعتراض کیا تھا اور تمام ازخود نوٹسز پر کارروائی روکنے کا فیصلہ دیا تھا۔

آج 6 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت 5 منٹ سے بھی کم وقت میں کی، لارجر بنچ نے جسٹس فائزعیسیٰ کے فیصلے پرغور کیا۔

پی ایم ڈی سی کے وکیل افنان کنڈی عدالت میں پیش ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ 20 اضافی نمبر 2018ء تک رولز کے تحت دیے جاتے تھے، 2021ء میں نئے رولز بنے اور اضافی نمبر ختم ہوگئے، 20 اضافی نمبرکا معاملہ عملی طور پر ختم ہوچکا ہے۔

جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ موجودہ ازخود نوٹس 2022ء میں لیا گیا تھا، 2021ء کے رولز کے بعد ازخود نوٹس ویسے ہی غیر مؤثر ہوگیا۔

سربراہ بنچ جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ یہ ازخود نوٹس بند کیا جاتا ہے، ازخود نوٹس اور اس کے دیگر اثرات پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.