پاکستان نے وومن ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گل فیروزہ نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں بنیادی کردار ادا کیا، جبکہ سدرہ امین نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کو سیریز اپنے نام کرنے جبکہ سری لنکا کو مقابلہ برابر کرنے کا موقع ملے گا۔