vni.global
Viral News International

یوم پاکستان: اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں کی 23 مارچ مناتے تصاویر اور ویڈیو جاری

ملک بھر کے تمام شہروں میں جہاں یوم پاکستان بڑے جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے وہیں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم بھی یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی جھنڈوں سے چمک رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر  آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کو یوم پاکستان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر  ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ 23 مارچ کی مناسبت سے کھیل کا  آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا جہاں دونوں ٹیمیں قومی ترانے کے اعزاز میں گراؤنڈ میں کھڑی ہوئی نظر آئیں۔

دوسری جانب پی سی بی نے کھلاڑیوں کی یوم پاکستان مناتے تصاویر بھی شیئر کی  ہیں، تصاویر میں  قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کو جھنڈے تھامے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے  یوم پاکستان کرکٹ فینز کے ہمراہ منانے کا اعلان کیا تھا۔

 پی سی بی کے اعلان کے مطابق آج  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں موجود تماشائیوں میں 2500 جھنڈے تقسیم کیے جائیں گے جبکہ یہ جھنڈے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ خود کرکٹ فینز کو دیں گے۔

پی سی بی نے اپنے اعلان میں مزید کہا تھا کہ اس موقع پر ملکی اور غیرملکی کمنٹیٹرز یوم پاکستان کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کریں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.