فوج سے لڑائی پاگل پن ہوگا، میرے، شہباز اور اعظم سواتی کے ساتھ جو ہوا بھولنے کو تیار ہوں: عمران
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ فوج سے لڑائی پاگل پن ہوگا، فوج سے کوئی لڑائی نہیں۔
لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھ پر حملہ ہوا، شہباز گل اور اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا سب کو معاف کر کے آگے بڑھنے کو تیار ہوں۔
سینیئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں انضمام کی خواہش بھی ظاہر کر دی جب کہ مونس الہٰی کی بے انتہا تعریف کی۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں میڈیا چینل بند کرنے، صحافیوں کو نوکریوں سے نکالنے اور میڈیا سے زیادتیوں سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے آپشن پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کر لی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے، موجودہ صورتحال میں سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔