vni.global
Viral News International

خانیوال، دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے دو افسران شہید

خانیوال میں فائرنگ کے واقعے میں سی ٹی ڈی کے دو افسران شہید ہوگئے۔

 پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے دو افسران شہید ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی کے ڈائریکٹر نوید سیال  بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے انسپکٹر ناصر عباس بھی جاں بحق ہوئے، دونوں افسران ایک ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس شہزادسلطان کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشتگردی کی کارروائی ہے، موٹر سائیکل سوار دہشتگرد نے ہوٹل کی پارکنگ میں فائرنگ کی۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم ایک تھا جو حملے کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔

 دریں اثنا وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سی ٹی ڈی افسروں کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے افسروں کی ہلاکت کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے خانیوال کے قریب فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے شہید ہونے والے 2 افسروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید افسروں ڈپٹی ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصرکے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے، تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فائرنگ کے و اقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، شہید افسر دھرتی کے بہادر سپوت تھے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی افسران پرفائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب میں امن امان کی صورتحال باعث تشویش ہے، حکومت ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے فوری پیش بندی کرے، اللہ تعالی سی ٹی ڈی افسروں کے درجات بلند کرے، ان کے ورثاء کو صبر جمیل عطا کرے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.