ایران پر نئی امریکی پابندیاں، اقتصادی لائف لائنز منقطع کرنے کا اعلان
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف نئی اور سخت معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کو سہارا دینے والی ہر معاشی لائف لائن کو منقطع کرنا ہے۔
واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران سے اقتصادی اشتراک کرنے والے ممالک اور اداروں کو محدود مہلت دی جائے گی، جس کے بعد ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے والوں کو امریکی کارروائی اور شدید پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط رکھنے والے ممالک کو اپنی سرزمین پر ایرانی بینکوں کی شاخیں بھی فوری بند کرنا ہوں گی کیونکہ واشنگٹن ایران کی تمام مالی اور تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے دستیاب معاشی اختیارات استعمال کر رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اس نئی مہم کے تحت ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے تیسرے ممالک اور دیگر مالیاتی اداروں پر بھی ثانوی پابندیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی اعلانات کے بعد ایران نے بھی سخت ردعمل کی دھمکی دی ہے جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔