روس کی پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس فراہمی کی پیشکش
سمرقند: وزیراعظم شہباز شریف دورے پر ازبکستان پہنچ گئے جہاں ان کی سمر قند میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم دو روزہ دورے پر ازبکستان کے شہر سمرقند پہنچ گئے۔ ان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت باہمی مفاد اور دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان اور روس کے درمیان ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کو روس سے بذریعہ پائپ لائن گیس کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گیس سپلائی روس، قازقستان اور ازبکستان کے پہلے سے بنے انفرااسٹرکچر سے ممکن ہے، پاکستان میں ایل این جی فراہمی کے لیے انفرااسٹرکچرکی تعمیر بھی قابل توجہ ہے، پاکستان کو جنوبی ایشیا میں روس کے اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور وقت کے ساتھ پاک روس تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔