ثانیہ مرزا ٹینس سے ریٹائر،شعیب ملک کا خصوصی پیغام
بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی ٹینس سے ریٹائرمنٹ پر ان کے شوہر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا ردعمل سامنے آگیا۔
گزشتہ روز ثانیہ مرزا نے اپنے آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت کی جس میں ثانیہ اور ان کے ساتھی روہن بوپنا کو مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست ہوئی۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہیں اس موقع پر روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
دوران گفتگو ثانیہ مرزا نے رک کر آنکھوں سے آنسو صاف کیے اور کہا کہ میرا پروفیشنل کیرئیر میلبرن سے شروع ہوا، کیرئیر ختم کرنے کے لیے اس سے اچھے ارینا کا سوچ بھی نہیں سکتی۔
تاہم اب شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ٹینس سے ریٹائر ہونے پر سوشل میڈیا پر ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ اسپورٹس ویمن کے لیے ایک بہت بڑی امید ہیں، آپ نے اپنے کیرئیر میں جو کچھ حاصل کیا مجھے اس پر فخر ہے ‘۔
– You are the much needed hope for all the women in sports. Super proud of you for all you have achieved in your career. You're an inspiration for many, keep going strong. Many congratulations on an unbelievable career… pic.twitter.com/N6ziDeUGmV
— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) January 27, 2023
شعیب ملک نے مزید لکھا کہ’ آپ بہت لوگوں کے لیے ایک انسپیریشن ہیں ، آپ اسی طرح مضبوط رہیں، ناقابل یقین کیرئیر پر ڈھیروں مبارکباد ‘۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کیرئیر کا آخری انٹرنیشنل ایونٹ فروری میں دبئی میں کھیلیں گی۔
شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان گزشتہ دنوں علیحدگی کی خبریں گرم تھیں تاہم اس حوالے سے دونوں کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔